تھائی لینڈ: 7 دن چلنے والا ’سونگ کران تہوار‘ خونریز ثابت، 3 دن میں 191 افراد ہلاک
تھائی لینڈ کے روایتی نئے سال کے تہوار ’سونگ کران‘ کے دوران خوشیاں غم میں بدل گئیں، 7 دن چلنے والے تہوار کے ابتدائی 3 دنوں میں 191 افراد ہلاک جبکہ 951 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔سونگ کران تہوار کو دنیا کا سب سے بڑا ’واٹر فیسٹیول‘ کہا جاتا ہے، یہ ہر سال اپریل کے وسط میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر لاکھوں افراد بنکاک سمیت بڑے شہروں سے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں جس کے باعث سڑکوں پر رش اور حادثات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
تہوار کے صرف پہلے 2 دن میں 52 افراد سڑک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے، تقریباً 42 فیصد حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری بنی جبکہ 27.4 فیصد واقعات نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے باعث پیش آئے۔اس تہوار کو ’7 خطرناک دن‘ بھی کہا جاتا ہے جس میں زیادہ تر حادثات دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان پیش آتے ہیں، ہیلمٹ نہ پہننا اور غیر ذمے دارانہ ڈرائیونگ بھی اموات میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
حکومت کی جانب سے بارہا حفاظتی مہمات اور سخت قوانین کے باوجود ہر سال ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ رواں سال اس تہوار میں تقریباً 5 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد اور بھاری بھرکم آمدنی متوقع ہے۔ تھائی لینڈ میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ اس تہوار کے دوران پانی کا استعمال صفائی اور گزشتہ سال کی برائیوں کو دھو دیتا ہے۔
Leave A Comment